جھنگ ضلع کے میاں بیوی حضور سرکارِ عالی قدس سرہٗ العزیز کی بارگاہ میں حاضر ہو کر عرض پرداز ہوئے کہ ان کا لڑکا گھر سے چلا گیا ہے۔ بسیار تلاش اور کوشش کے اس کا کہیں کوئی سراغ نہیں مل سکا اور دعا کے لیے عرض کرتے ہوئے اپنی پریشانیوں کا اظہار کیا۔ حضور سرکارِ عالی قدس سرہٗ العزیز چند ساعت خاموش رہے۔ پھر فرمایا کہ تمہارا لڑکا امریکہ میں ہے اور وہاں ایک کارخانے میں ملازم ہے۔ ہم نے کارخانے کے منیجر کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمہارے لڑکے کو‘ جو غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخل ہو گیا ہے‘ اس کو قانون کے تحت جائز قرار دے کر‘ اس کے واپسی کے کاغذات مکمل کروا کر‘ اس کو رخصت پر پاکستان بھیجے۔ فرمایا تمہارا لڑکا پندرہ دن کے بعد تمہارے پاس آ جائے گا۔ ایسا ہی ہوا۔ اس کے والدین اس کو ہمراہ لے کر سلام پیش کرنے اور شکریہ ادا کرنے کے لیے دربار شریف حاضر ہوئے تو لڑکے نے حضور سرکارِ عالی قدس سرہٗ العزیز کو پہچان کر عرض کیا کہ حضور پاک خود بنفسِ نفیس کارخانے میں آئے تھے اور منیجر کو میری موجودگی میں ہدایات کی تھیں۔
حضور سرکارِ عالی قدس سرہٗ العزیز نے اپنے شاہانہ لطف و کرم سے لڑکے کو قانون کے مطابق امریکہ کا رہائشی بنوا دیا اور اس کو والدین سے ملنے کے لیے‘ قانونی طریقے سے‘ سرکاری خرچ پر‘ پندرہ دن کی رخصت پر‘ پاکستان بھیجنے کی ہدایات فرمائیں۔ ناممکن امور کو ممکن کر دیا۔ حضور سرکارِ عالی قدس سرہٗ العزیز کا یہ کرشمہ ہے‘ ورنہ امریکی حکومت قانون کی اس قدر پابند ہے کہ وہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو جیل میں ڈال دیتی ہے۔ وہاں کسی قسم کی عذرداری قابلِ قبول نہیں ہوتی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
اپنی رائے دیجئے