جمعہ، 6 اپریل، 2012

پیشِ لفظ–ملفوظاتِ محبوبِ ذات

پیش لفظ

 

الحمد لله رب العالمين والصلوة والسلام علٰی  رحمة للعالمين وآله واصحابه اجمعين.

 

تمام تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لئے مخصوص ہیں اور ہر طرح کا درود و سلام حضور اکرم ﷺ کی ذات گرامی کے لئے ہے۔

میرے والد محترم مرشد پاک حضرت سیّد افضال احمد حسین گیلانی نے اپنی نورانی کتاب "ملفوظاتِ محبوبِ ذات" تحریر کر کے مریدین اور اہلِ دل پر احسان عظیم فرمایا۔ اس کی بدولت انسانیت کو ہدایت کا راستہ دکھایا بلکہ پستی سے نکال کر بلندی اور راز و نیاز کا بطریق احسن انوکھے اور منفرد انداز و ادا میں انکشاف کیا۔ اس کتاب کا ایک ایک جملہ محبت و الفت کا سر چشمہ ہے۔

بسے سر بلندم ز احسان دوست

دل و جانِ من ہر دو قربان دوست

ترجمہ۔   میں اپنے محبوب کے احسان سے نہایت سر بلند ہوں میرے دل و جان دونوں اس پر قربان ہوں۔

آپ نے نہایت حکیمانہ انداز میں سر بستہ رازوں سے پردہ سرکا کر اپنے والد محترم مرشد کامل سیّد احمد حسین شاہ گیلانی "محبوبِ ذات قدس سرہٗ العزیز" کو ظاہر و عیاں کیا جو حدیث ِ قدسی کے مظہر ہیں۔

انبیاء و اولیاء را حق بداں

سرِّ پنہاں بتو گفتم عیاں

ترجمہ۔   انبیاء و اولیاء کو حق جان، میں نے تجھے پوشیدہ بھید بتا دیا ہے۔

چوں بصورت بنگری چشم دوست

توبہ نوزش در نگر کر چشم اوست

ترجمہ۔   دیکھنے میں آنکھیں دو نظر آتی ہیں مگر نور ہر دو آنکھ کا ایک ہے۔

آب خواہ از جُو بجو خواہ از صبُوح

آں صبوح را آب باشد ہم زَجؤ

ترجمہ۔   پانی خواہ دریا سے لو خواہ گھڑے سے لو وہ دریا کا ہی پانی ہے کیونکہ پانی گھڑے میں بھی دریا کا ہی ہے۔

تا توانی ز اولیاء رو بر متاب

جہد کن واللہ اعلم بالصواب

ترجمہ۔   اولیاء اللہ سے رو گردانی نہ کرنا ان کی قدر اللہ ہی خوب جانتا ہے۔

وَنَفَخْتُ فِيهِ مِن رُّوحِي عجب سرّ ربانی

مگر گم کردہ لطفش برنگ و بوئے جسمانی

ترجمہ۔   خدا تعالیٰ کا عجب اشارہ ہے کہ میں نے تیرے جسم میں اپنی روح پھونکی ہے مگر تیری نظر جسم پر ہی لگی ہوئی ہے۔

سرکار عالی محبوبِ ذات (حضرت سیّد احمد حسین شاہ گیلانی) کے بھید عکسِ محبوبِ ذات ہی جانے جس نے اپنی ساری زندگی ان کے قدموں میں گذاری اور نظر آپ پر رہی اور انوکھی عبادت فرمائی۔

بندئہ ناچیز نے مریدین اور عقیدت مندوں کے اصرار پر "ملفوظاتِ محبوبِ ذات " دوبارہ نئے ایڈیشن کی شکل میں اغلاط سے مبرا پیش کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ خداوند تعالیٰ اُن حضرات کو خیر و جزا عطا فرمائے جنہوں نے کسی بھی قسم کی معاونت فرمائی ہے۔ شکریہ!

خاک پائے حضرت سیّد افضال احمد حسین شاہ گیلانی قدس سرہٗ العزیز

سیّد محمد مبارک علی شاہ گیلانی، سیّد شاہ کمال محی الدین گیلانی

منڈیر شریف سیداں

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

اپنی رائے دیجئے